بنگلورو،25؍ مئی (ایس او نیوز) پولیس محکمہ نے لوک آیکتہ وشواناتھ شیٹی پر ہوئے جان لیوا حملے کے بعد انہیں Z پلس سطح کی سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ دوماہ قبل 7؍ مارچ کو ایک نوجوان نے ان پر چاقو سے حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا تھا۔ تب لوک آیکتہ دفتر میں حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔اس واقعہ کے بعد ریاست پولیس کے خفیہ محکمہ کے اندرونی تحقیقات سے لوک آیکتہ کی زندگی کے لئے خطرہ ہونے کے بارے میں جانکاری ملی تھی۔ اس کے بعد ہی انہیں نہایت خاص لوگوں کو دی جانے والی اعلیٰ سطح کی سکیورٹی فراہم کرنے کی تجویز محکمہ کو بھیجی گئی تھی۔ اور محکمہ کو سفارش کی گئی تھی کہ ان کی زندگی کو درپیش خطرے کے مدنظر انہیں Z پلس سکیورٹی فراہم کی جائے۔ اس سفارش پر اب لوک آیکتہ کو Zپلس سکیورٹی دینے کا فیصلہ لیاگیا ہے اور جلد ہی انہیں یہ سکیورٹی فراہم کردی جائے گی۔ لوک آیکتہ دفتر پر اب مستقل طریقہ پر 2؍ میٹل ڈیٹکٹر نصب کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سامان کی جانچ کے لئے اسکیانر بھی لگایا گیا ہے۔ دفتر کی نگرانی کے لئے الگ سے 20؍ پولیس جوانوں کا تقررکیاگیا ہے۔ لوک آیکتہ پر جان لیوا حملہ اور اس مہینے کی 3؍ تاریخ کو ایک خاتون کے اپنے پرس میں چھپاکر چاقو لے کردفتر آنے کے معاملے کے بعد لوک آیکتہ دفتر میں حفاظتی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں ۔ صرف شکایت کرنے والوں کو ہی دفتر میں داخلہ کی اجازت دی جارہی ہے۔ لوک آیکتہ سے ملاقات بھی ایک سکیورٹی گارڈ کی موجودگی میں ہی کی جاسکتی ہے۔ریاست میں سیاستدانوں کے علاوہ پہلی مرتبہ لوک آیکتہ کو اس طرح کی اعلیٰ سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ Z پلس سکیورٹی کے تحت ایک کمشنر کی سطح کے پولیس افسر کی قیادت میں حفاظتی دستہ ، 22؍ پولیس اہلکار ان میں دو سے 8؍ اہلکاروں کے پاس اسٹین گن اور دوسرے کے پاس اعشاریہ 9؍ ملی میٹر پستول اور ساتھ میں لوک آیکتہ کو بلٹ پروف جیکٹ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایک الگ دستہ اہم مقامات کی نگرانی پر تعینات ہوگا۔ لوک آیکتہ کی رہائش گاہ ، ان کے سفر کے دوران اور سرکاری دوروں پر جانے کے موقع پر کمشنر یا کسی سینئر پولیس افسر کی نگرانی میں انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔